پٹنہ،17؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بہار میں مجرمانہ واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔یہ معاملہ بھوجپور ضلع کا ہے۔یہاں بدھ کی صبح کچھ نامعلوم حملہ آوروں نے ایک اخبار کے ہاکر کا سرعام گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت جوگندر تتوا کے طور پرکی ہے۔اس واقعہ سے مشتعل لوگوں نے پہلے سڑک جام کیا اور بعد میں جائے حادثہ پر پہنچی پولیس کی جیپ میں آگ لگا دی۔فی الحال علاقے میں حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعہ بھوجپور ضلع کے کرنامیپور تھانہ علاقہ کاہے۔علاقے کے لوگوں نے اس حادثے کے خلاف کرنامیپور تھانے پر پتھراؤ بھی کیا۔علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے آرا سے کئی سینئر پولیس افسر جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔پولیس کے حکام کے مطابق ملزم نے علاقے میں پڑ رہے کہرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس حادثے کو انجام دیا ہے۔پولیس فی الحال جائے حادثہ قرب وجوار موجود لوگوں سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت میں مصروف ہے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے متوفی جوگندر تتوا کے کزن راجندر تتوا کا بھی تین ماہ قبل گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔